کرکٹ ٹیموں کی آمد کا حتمی شیڈول نہ دینے سے سیکورٹی پلان میں مشکلات

کراچی (رپورٹ:نوازبھٹو)نیشنل اسٹیڈیم فروری سے مارچ تک بین الاقوامی کرکٹ کا مرکز بنا رہے گا ۔ 11 جنوری کو حتمی سیکورٹی پلان کی منظوری کے لئے حکومت سندھ نے اہم اجلاس طلب کر لیا ۔ پی سی بی کی طرف سے مہمان ٹیموں کی آمد سے متعلق حتمی شیڈول جاری نہ کرنے مرتب کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ کو دشواری کا سامنا ہے۔پی سی بی نے محکمہ داخلہ کو پی ایس ایل سے قبل کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیموں کے درمیان ٹی 20 میچز کی سیریز کے سیکورٹی انتظامات کے لئے بغیر شیڈول منسلک کئے لیٹر ارسال کر دیا۔ سپر لیگ کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم پی ایس ایل کے فائنل کے دو روز بعد ایکشن میں نظر آئے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مہمان کھلاڑیوں اور ٹیموں کی فول پروف سیکورٹی کی ہدایات جاری کر دیں۔تفصیلات کے مطابق عالمی کرکٹ کے بند دروازے کھلنے کے بعد کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم فروری سے مارچ تک بین الاقوامی کرکٹ کا مرکز بنا رہے گا۔ 14فروری سے دبئی میں شروع ہونے والے پی ایس ایل 4کے میچز کے بعد کراچی میں پہلا میچ 7مارچ کو ہوگا جبکہ دوسرا میچ 10 مارچ، تیسرا 13چوتھا 15اورفائنل 17کو کھیلا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم بھی متوقع طور پر 30جنوری سے 28فروری تک ٹی 20کے میچز کی سیریز کھیلے گی جس کے زیادہ تر میچز کراچی میں ہوں گےاور پی سی بی کی طرف سے محکمہ داخلہ سندھ کو ویمن ٹیم کی آمد پر سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے لیٹر ارسال کر دیا گیا ہے ،تاہم لیٹر کے ساتھ شیڈول منسلک نہیں کیا گیا ۔دریں اثنا پی ایس ایل کے انعقاد اور دیگر میچز کے دوران سیکورٹی امور کو حتمی صورت دینے کے لئے 11جنوری کو چیف سیکریٹری کی صدارت میں اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، آئی جی سمیت تمام متعلقہ اعلیٰ پولیس ،رینجرز حکام ، خفیہ اداروں کے صوبائی سربراہ اور پی سی بی حکام شرکت کریں گے۔اجلاس سہہ پہر 3بجے منعقد ہوگا تمام اداروں کو شرکت کے لئے لیٹر جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ پہلے یہ اجلاس اسی تاریخ کو صبح 11بجے منعقد ہونا تھا۔ اجلاس میں 7مارچ سے 17مارچ تک ہونے والے پی ایس ایل میچز کے حوالے سے سیکورٹی پلان کو حتمی صورت دینے سے متعلق مختلف امور پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس وقت تک پی ایس ایل سمیت دیگر عالمی میچز کے حوالے سے پی سی بی نے باضابطہ طور پر کوئی شیڈول ارسال نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے سندھ حکومت کو سیکورٹی پلان کو مرتب کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 11جنوری کو ہونے والے اجلاس میں پاک فوج کے کمانڈوز ، سراغ رساں کتوں اور 2 ہیلی کاپٹروں سے متعلق وفاق سے رجوع کرنے کا معاملہ بھی زیر غور ہوگا۔مجوزہ سیکورٹی پلان کے مطابق اسٹیڈیم کے اندر پاک فوج کے دستے اور باہر اور قرب و جوار کی عمارتوں پر رینجرز کے کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے۔ میچز کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے ارد گرد کے علاقے کو ریڈ زون قرار دے دیا جائے گا، میچز شروع ہونے سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے ارد گرد کے رہائشی علاقوں کا سروے کیا جائے گا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن پر بھی غور کیا جائے گا اور مختلف قسم کی ریہرسلز بھی کی جائیں گی ۔ ذرائع کے مطابق اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ بین الاقوامی میچز کے دوران اسٹیڈیم اور اس کے ارد گرد موبائل سروسز معطل رکھی جائے جس کے لئے موبائل فوم کمپنیز سے مشاورت کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ مجوزہ سیکورٹی پلان کے مطابق میچز کے دوران اہم شخصیات کی آمد و رفت کے پیش نظر اہم شاہراہیں ہیوی ٹریفک کے لئے بند کر دی جائیں گی ۔ عالمی کھلاڑیوں اور ٹیموں کی آمد کے موقع پر شاہراہ فیصل کو سجایا جائے گا اور کھلاڑیوں اور ٹیموں کا روایتی ثقافتی انداز میں استقبال کیا جائے گا۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ جن کے پاس محکمہ داخلہ کا قلمدان بھی ہے نے ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم اور پی ایس ایل 4کے انعقاد کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment