کینبرا/میلبورن(مانیٹرنگ ڈیسک)آسٹریلیا میں غیر ملکی سفارتخانوں میں اس وقت ایک ہلچل مچ گئی جب ایک ہی دن میں پاکستان سمیت 14 ممالک کے سفارتخانوں کو مشتبہ پیکیٹ موصول ہوئے جو جان لیوا ایسبیسٹوس نامی کیمیکل پاؤڈر سے بھرے ہوئے تھے،سفارتی ذرائع کے مطابق مشتبہ پیکٹس موصول ہونے کے واقعات آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا اور تجارتی شہر میلبورن میں پیش آئے۔میلبورن میں واقع پاکستانی قونصل خانے کی ایک خاتون سفارتکار نے مشتبہ پیکٹ وصول کیا جو بظاہر ایک لفافے جیسا تھا لیکن جب اسے کھولا گیا تو اُس کے اندر کیمیکل پاؤڈر موجود تھا۔پاکستانی سفارتخانے کو موصول ہونے والے پیکٹ میں موجودکیمیکل پاؤڈر کو اسبیٹوس کہا جاتا ہے۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ اس مشتبہ پاؤڈر کو سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں علیحدہ کرکے رکھ دیا گیا جہاں آسٹریلیا کی کیمیکل ہینڈلنگ ٹیم نے اس کا معائنہ کیا کیونکہ اس سے سفارتخانے میں موجود افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ مشتبہ پیکٹس پاکستان کے علاوہ امریکا، جرمنی، اٹلی، بھارت، اسپین، سوئٹزرلینڈ، مصر اور نیوزی لینڈ سمیت 14ممالک کے سفارتخانوں کو موصول ہوئے۔پولیس کی جانب سے مشتبہ پیکٹس بھیجے جانے کے بعد کئی ممالک کے سفارتخانوں کو خالی کروالیا گیا۔آسٹریلوی دفترخارجہ نے مشتبہ پیکٹ ملنے کے بعد تمام ممالک کے سفارتی مشن کو ایڈوائزری جاری کردی ہیں جب کہ سفارت اور قونصل خانوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ادھر آسٹریلیا میں پاکستانی سفارت خانے نے تمام عملے کے محفوظ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آسٹریلوی تحقیقاتی ٹیم کو پاکستانی قونصل خانے سے ملنے والے مشتبہ پیکٹ میں موجود کیمیکل اسبیٹوس کے زہریلے ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔