اسکول وینز کی پکڑ دھکڑ کیخلاف آج ہڑتال کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک )اسکول وین ڈرائیورز ایسوسی ایشن نے ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ اور ڈرائیوروں کو ہراساں کرنے کے خلاف آج بروز جمعرات ہڑتال کا اعلان کر دیا۔رہنماؤں نے کہا کہ جمعرات کو طلبہ و طالبات کو پک اینڈ ڈراپ نہیں کریں گے ۔دوسری جانب ڈی آئی جی نے افسران کو سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہر میں سی این جی اور ایل پی جی لگی اسکول وین کےخلاف ٹریفک پولیس نے آپریشن شروع کردیا ہے، جس کے خلاف اسکول وین ڈرائیورز ایسوسی ایشن نے آج (جمعرات) ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جمعرات کو طلبہ کو اسکول لے جائیں گے اور نہ ہی لائیں گے۔ٹریفک پولیس ڈرائیوروں کو ہراساں اور پکڑ دھکڑ کررہی ہے۔مہنگائی کے دور میں گاڑیاں پیٹرول پر نہیں چلاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے ناروا سلوک کے باعث ہڑتال پر مجبور ہوگئے ہیں۔وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ ایسے اقدامات کا نوٹس لیں۔دریں اثناڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں ایس ایس پیز نے شرکت کی۔اجلاس میں دیگر امور بالخصوص اسکول وین اور رکشوں میں نصب سی این جی سلنڈرز کے خلاف کارروائی، نوپارکنگ اور ڈبل پارکنگ کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام ایس ایس پیز کو سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے۔

Comments (0)
Add Comment