کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈی جی رینجرز(سندھ) میجرجنرل محمد سعید نے اقراءیونیورسٹی میں منعقدہ تقریب اِقراء یوتھ پارلیمنٹ کے تھرڈ سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈی جی رینجرز نے اپنے خطاب کے دوران کراچی آپریشن کے پسِ منظر اور اس کے محرکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اوراس سلسلے میں پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔میجر جنرل محمد سعید نے مزید کہا کہ بحیثیت فرد ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں نوجوان اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرکے قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں تاکہ معاشرے میں صحت مندانہ رحجانات اور سماجی خدمت کو فروغ حاصل ہو۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے چیئرمین، اساتذہ اور طلبہ نے قیام امن میں رینجرز کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے چیئرمین حنید لاکھانی ، انتظامیہ اور طلباء نے ڈی جی رینجرز کو خوش آمدید کہا۔