لاہور(پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپرایڈیٹرز پنجاب کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ایازخان کی زیر صدارت لاہور میں ہوا، جس میں سینئرنائب صدر امتنان شاہد، سیکریٹری جنرل ڈاکٹرجبارخٹک ، رحمت علی رازی، اعجازالحق و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیراطلاعات ونشریات فیاض الحسن چوہان نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔رہنماوٴں سے بات چیت کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے۔ ماضی میں صرف چند اخبارات اور چینلز کو نوازا جاتا تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے اداروں سے 15,20ہزار روپے تنخواہ لینے والے چھوٹے ملازمین کو نکالاجارہا ہے جبکہ لاکھوں روپے تنخواہ لینے والے اینکرز کو سر پر بٹھایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل اورایس پی ایل کے اشتہارات تمام قومی، علاقائی اور مقامی اخبارات کو پالیسی کے مطابق جاری ہوں گے۔امتنان شاہد نے بتایا کہ چندایڈوئرٹائزنگ ایجنسیاں جو نادہندہ ہیں، ان کے مالکان جیلوں میں ہیں اوران کے خلاف نیب میں تحقیقات چل رہی ہیں۔وہ ایجنسیاں نئے ناموں کے ساتھ مرکز اور پنجاب سے اشتہارات جاری کررہی ہیں ، جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ اخبارات کے مزید واجبات بھی ڈوب جائیں گے۔جس پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سی پی این ای ایسی ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے نام اورشواہد سے مطلع کرے تو ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی ۔