نیول چیف کا بحری بیڑے کی آپریشنل صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی پریڈ کا انعقاد پی این ایس قاسم منوڑہ میں ہوا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کوسٹل کمانڈ کی جانب سے ایفیشنسی پیریڈ کا انعقاد سالانہ بنیادوں پر سال کے اختتام پر کیا جاتا ہے جس میں پورے سال میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس میں شیلڈز تقسیم کی جاتی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کو جیونی سے لے کر سر کریک تک پھیلی پاکستان کی ساحلی پٹی کی حفاظت کی اہم ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جس کو وہ مشکل اندورنی اور بیرونی سیکیورٹی حالات اور سخت موسمی تبدیلیوں کے ساتھ بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔چیف آف دی نیول سٹاف نے اپنے خطاب میں موجودہ بحری چیلنجز بشمول گوادر پورٹ کی سیکیورٹی اور سی پیک کے بحری دفاع سے متعلق معاملات سے نبرد آزما ہونے کے لیے پاک بحریہ کے بحری بیڑے کی آپریشنل صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔انھوں نے اہم بحری تنصیبات اور تمام خطرات اور چیلنجز سے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان نیوی پاکستانی ساحل اور علاقائی سمندر میں اپنی مستعد موجودگی کے ذریعے شرپسند عناصر کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا موقع فراہم نہیں کر رہی ہے۔اس کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے اور پاک بحریہ بیرونی اور اندرنی خطرات سے مادرِ وطن کا دفاع ہر قیمت پر کر رہی ہے۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض گیلانی نے کوسٹل کمانڈ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے سال 2018ء کے دوران بہترین کار کردگی دکھانے والے یونٹس میں شیلڈز تقسیم کیں۔علاوہ ازیں نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک فضائیہ کے وار کالج کا دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، ہم پاک بحریہ کو چاروں جہتوں میں ایک نا قابلِ تسخیر فورس بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment