کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس العربیہ کے زیر اہتمام سندھ کے 7 اضلاع کے علماء و آئمہ مساجد کا پیغام مدارس علماء کنونشن آج جامعہ مظاھرالعلوم حیدرآباد میں ہوگا۔وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈی نیٹر مولانا طلحہ رحمانی نے میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر کے 21 ہزار سے زائد مدارس وفاق المدارس سے ملحق ہیں۔ وفاق المدارس سالانہ لاکھوں طلبہ و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہا ہے ۔ مدارس کی قیادت نے ہمیشہ مذہبی خلفشار و انتشار کے خلاف کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسلامی تشخص و نظریے کو برقرار رکھنے کے لیے مدارس سے فارغ التحصیل علما کرام سب سے نمایاں کردار ادا کررہے ہیں، لیکن ہر حکومت آتے ہی مدارس کی ان مثالی خدمات کو نظرانداز کر کے پابندیوں اور شرائط نافذ کرنے کا مذموم عمل شروع کردیتی ہے۔مقامی انتظامیہ کوائف کے نام پر مدارس کو مختلف حیلوں بہانوں سے پریشان کر رہی ہے ۔اس طرح کے منفی اقدامات باعث تشویش ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مسائل کا فوری سدباب کرے ۔حکومتی اقدامات کے اقدامات کے حوالے سے دوسرے مرحلے میں سندھ کے 7ضلاع کے علما کرام اور آئمہ مساجد کا کنونشن جامعہ مظاھر العلوم لطیف آباد حیدرآباد میں آج بروز جمعرات صبح 10بجے ہوگا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔