کراچی(اسٹاف رپورٹر) سخی حسن قبرستان میں قبروں سے مردے کے بال اور دیگر اعضا کی فروخت اور گورکنوں کا جادو ٹونا کرنے والے افراد کی پشت پناہی کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ایم سے کے محکمہ قبرستان کو یہاں سے مردے کے بال و دیگر اعضا کی فروخت کے مکروہ عمل میں بھی گورکنوں کے ملوث ہونے کی شکایات کی گئی ہیں، مگر ابھی تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے، جبکہ قبرستان میں جادو ٹونہ کرنے والوں کو تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کی بھی شکایات ہیں۔ انتظامیہ کو چاہیئے کہ سخی حسن قبرستان میں ہونیوالے ان واقعات کا نوٹس لے کر شہر کے قبرستانوں میں تدفین کیلئے ایک مربوط نظام قائم کرے، جس میں شہریوں کو گورکن مافیا کی مدد نہ لینی پڑے اور اپنے پیاروں کی تجہیز و تدفین بہتر طریقے سے کر پائیں اور اس مد میں شہریوں کی جانب سے ادا کی گئی فیس بھی حکومت کے خزانے میں جمع ہو، نہ کہ کسی مافیا کی نذر ہو جائے۔