سابق گورنر کو روکے جانے کی جگہ پر کیمرے نصب نہیں۔پولیس حکام

کراچی(اسٹاف رپورٹر)درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان محافظ پر منگل کی شب سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی گاڑی کو روکے جانے کے حوالے سے پولیس حکام نے کہا ہے کہ جائے وقوعہ کے مقام پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ،جس کے بعد واقعہ اسٹریٹ کرائم تھا یا کچھ اور اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ملزمان پرانے ماڈل کی سفید کرولا کار میں سوار تھے۔ایس ایس پی جنوبی پیر محمد شاہ و دیگر حکام واقعہ کے بعد سابق گورنر کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی زون سے 6اہلکار سابق گورنر کے ساتھ تعینات ہیں،تاہم سابق گورنر کو خود سیکورٹی رکھنے کا شوق نہیں۔پولیس حکام نے مزید کہا کہ ملزمان نے سابق گورنر کو اسلحہ دکھایا تھا، تاہم فائرنگ نہیں کی۔ دریں اثنا واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ایس ایس پی جنوبی سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

Comments (0)
Add Comment