حمزہ شہبازنے عمران ہیلی کاپٹر کیس نیب کیلئےچیلنج قرار دیدیا

لاہور(امت نیوز) پنجاب میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کیس نیب کے لیے چیلنج ہے کہ وہ عمران خان کے خلاف کھڑی ہوتی ہے یا نہیں۔ ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر اور عوام سکتے میں ہیں، لوڈشیڈنگ واپس آگئی، عمران خان نیب سے ڈرانا چھوڑ دیں، حکومت سے کوئی این آر نہیں مانگ رہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کے ورزا روز ٹی وی پر بیٹھ کر جھوٹ بولتے ہیں، حکومت گرانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں،جلد ہی آپ اپنے جھوٹ کے بوجھ تلے خود دب جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو 5ماہ ہوئے ہیں، ہر طرف غیریقینی کی صورتحال ہے، کہاں گئے جنوبی محاذ والے اور عمران خان کے وعدے ؟ آپ کو جتنا جھوٹ بولنا ہے بول لیں، قوم آپ سے حساب لے گی۔ ان کا کہنا تھا لوڈ شیڈنگ کا جن ہم نے بند کر دیا تھا آج پھر لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، ایٹمی طاقت کو بھکاری کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ سرکاری ہیلی کاپٹر پر پوچھ گچھ کرکے نیب نے وزیراعظم کی توہین کی ہے، نیب کے لیے چیلنج ہے کہ وہ اس کیس میں عمران خان کے خلاف کھڑی ہوتی ہے یا نہیں ؟ انہوں نے مزید کہا پی ٹی آئی والے کہتے تھے کہ عمران خان پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے تو سرکاری ہیلی کاپٹر کیوں استعمال کیا، انہوں نے کہا میٹرو عام آدمی کی سواری ہے، اس کو بند کرنے کا سوچا جا رہا ہے، ایک طرف سونے کیلئےٹینٹ دیتے ہو دوسری طرف غریبوں کی جھونپڑیاں گرا رہے ہیں، آپ نے گھر کیا دینے ہیں آپ نےغریبوں کے گھر گرا دیئے، ترقیاتی بجٹ میں 400ارب کا کٹ لگا دیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment