وزرا کی عدم شرکت پر سینیٹ کمیٹی سے رضا ربانی مستعفی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی وزرا کی عدم شرکت کے باعث قائمہ کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے اور چیئرمین کمیٹی سمیت دیگر اراکین نے احتجاج کیا۔ سینیٹ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کا اجلاس سینیٹر طاہر بزنجو کی صدارت میں ہوا، جس میں سینیٹر کرشنا کماری، لیاقت ترکئی، عابدہ عظیم اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔ کمیٹی کو وزارت قانون، تعلیم اور کامرس کے حکام نے بریفنگ دی۔اراکین کمیٹی نے وزیر قانون کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ سینیٹر کرشنا کماری کا کہنا تھا کہ وزیر قانون کہاں ہیں؟ انہوں نے کمیٹی کو مذاق سمجھ رکھا ہے، کمیٹی کے ایک اجلاس پر خاصی رقم خرچ ہوتی ہے،وزیر قانون کو عوام کے پیسوں کا احساس ہونا چاہیے۔ کمیٹی اراکین نے کہا کہ وزرا کی عدم شرکت پر ہم احتجاج کرتے ہیں، وزیر قانون کی شرکت انتہائی ضروری تھی۔

Comments (0)
Add Comment