نوازلیگ-پی پی میں قربت کے لئے بزنجوبھی سرگرم

اسلام آباد ( نمائندہ امت)مولانافضل الرحمان کے بعدایک اوراپوزیشن رہنمامیرحاصل بزنجوبھی ن لیگ اورپیپلزپارٹی کوقریب لانے کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں ۔ سربراہ نیشنل پارٹی نے بدھ کو سابق صدر اور چیئرمین پیپلزپارٹی سے ملاقات کی جس میں جمہوری قوتوں کوحکومت کیخلاف متحد کرنے پراتفاق کیا گیا ذرائع کے مطابق سردیوں میں سیاسی محاذ گرم کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، جے یوآئی ف کے بعدنیشنل پارٹی بھی اپوزیشن کی دوبڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اورن لیگ کوقریب لانے کے لئے متحرک ہوگئی۔ میرحاصل بزنجونے سابق صدرآصف علی زرداری اوربلاول بھٹوسے ملاقات کی۔ جس میں حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کو وقت کی ضرورت قراردیا گیا۔اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھاکہ جمہوریت کا مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں، کھلاڑی کھیل سکتا ہے حکومت نہیں چلاسکتا۔ اس اہم ملاقات کے بارے میں میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے قائدین سے ملاقات مثبت رہی، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو قریب لانے کے معاملے پر برف پگھل رہی ہے، جلد بریک تھرو ہوگا۔ میرحاصل بزنجو کایہ بھی کہناتھا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت پسند پارٹیوں کاساتھ دیا،موجودہ حکومت نےعوام کومایوس کیا۔اپوزیشن کا اتحاد حکومت گرانے کیلئے نہیں بلکہ انتقامی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے اور اٹھارہویں ترمیم کے تحفظ کے لیے ناگزیرہے۔میرحاصل بزنجونے آصف زرداری سے ملاقات کے بعدکہا کہ وہ نواز شریف سمیت ن لیگی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اوراپوزیشن کوہرصورت متحد کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment