مقبوضہ بیت المقدس/رام اللہ(خبر ایجنسیاں)مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی شرپسندوں نے ایک بار پھر پولیس کی معیت میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر قبلہ اول کی بے حرمتی کی ہے،جبکہ فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں96حماس رہنما اور کارکن پابندسلاسل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہودیوں کی جانب سے قبلہ اول پر دھاو ے بولنے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز درجنوں یہودی شرپسندوں نے پولیس کے ہمراہ مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مسلمانوں کے مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق درجنوں شرپسند مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے کے راستے صبح اور شام کے اوقات میں اندر داخل ہوتے اور مذہبی رسومات کی آڑ میں قبلہ اول کی بے حرمتی کرتے رہے۔ اس موقع پر مسجد اقصیٰ کے تمام داخلی اور خارجی دروازے بند کرکے فلسطینیوں کوداخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ القدس پریس کے مطابق اسرائیلی فوج اور پولیس نے آباد کاروں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کر رکھی تھی۔ مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ آباد کاروں میں مذہبی پیشوا بھی شامل تھے۔ واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ کا باب المغاربہ1967سے قابض صہیونیوں کے نرغے میں ہے اور یہودی اسی دروازے کو قبلہ اول میں داخلے کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ ادھر مرکزاطلاعات فلسطین کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے 96رہنماؤں اور کارکنوں کو قید کیا گیا ہے۔