سوات(نمائندہ امت)سوات میں نجی بینک کی خاتون اہلکار کے اندھے قتل کا سراغ مل گیا، اقدام خودکشی کرنیوالا پولیس اہلکار عطا اللہ قاتل نکلا، 2شریک ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران سچ اگل دیا، خفیہ شادی کے بعد پولیس اہلکار نے اپنی بیوی حنا کو ساتھیوں کی مدد سے قتل کرکے اس کی لاش نالے میں پھینک دی تھی۔ ایڈیشنل ایس پی سوات مشتاق خان نے مٹہ پولیس اسٹیشن میں ڈی ایس پی اکبر شنواری اور ایس ایچ او بخت زادہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ 7جنوری کو قتل ہونے والی مدین کے نجی بینک کی اہلکار 23سالہ حنا بی بی دختر خان زادہ کی لاش ملنے کے بعد اس کے کورٹ میرج کا نکاح نامہ پولیس کے ہاتھ لگا، جس سے اس کے شوہر پولیس اہلکار عطا اللہ کا نام سامنے آیا تو پولیس اہلکار نے خود پر گولی چلا کر خودکشی کی ناکام کوشش کی۔ پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والی کار کا سراغ لگاتے ہوئے شریک ملزمان شیر علی اور سید نواب کو حراست میں لے لیا، جنہوں نے سچ اُگل دیا ہے۔ ایس پی مشتاق خان نے بتایا کہ ملزمان نے بتایا کہ شادی کے بعد مقتولہ کے حاملہ ہونے پر سپاہی عطا اللہ کو ڈر تھا کہ راز افشاں ہوجائے گا، جس پر اس نے حنا کے قتل کا منصوبہ بنایا اور کار میں سنسان مقام پر لے جاکر اسے گولی ماردی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے لاش بوری میں بند کرکے پھینک دی۔ پولیس نے تینوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔