بدامنی پھیلانے کیلئے زرداری سندھ کارڈ استعمال کرسکتا ہے- آفاق احمد

حیدرآباد ( بیورورپورٹ) مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ سندھ میں مہاجروں کا استحصال بند کیا جائے اور تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں حصہ دیا جائے۔ یہ مطالبات انہوں نے زونل آرگنائزر و سابق امیدوار قومی اسمبلی کی رہائش گاہ پر دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ الطاف حسین کے کئے دھرے کی سزا پوری مہاجر قوم کو نہ دی جائے اور انہیں غدار قرار نہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غفار خان، جی ایم سید، محمود اچکزئی اور منظور پشتین سمیت کتنے ہی لوگوں نے پاکستان کو تسلیم نہیں کیا تو کبھی ان کو کسی نے غدار قرار دیا؟ غداری کا لیبل صرف مہاجروں پر ہی کیوں چسپاں کیا جاتا ہے۔ اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری سندھ کارڈ ایک بار پھر استعمال کرسکتا ہے جو صوبے میں بدامنی کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے مہاجر بزرگوں، نوجوانوں، صحافیوں اور دانشور، وکلا اور ڈاکٹرز سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور مہاجر قوم کی بقاء کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ دریں اثناء دامن کوہسار یونین کے انتخابی امیدواروں اور مکینوں نے چیئرمین آفاق احمد سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا جس پر آفاق احمد نے متعلقہ اداروں اور حکام سے مطالبہ کیا کہ دامن کوہسار میں فوری طور پر گیس فراہم کی جائے اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔ بجلی کے بلوں سے ڈیٹکشن ختم کرکے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment