کراچی(اسٹاف رپورٹر) خواجہ اجمیر نگری پولیس نےبیرون ملک سے آنیوالےشہریوں کو لوٹنے والے 3 جعلی اہلکاروں کو گرفتار کر کے وائرلیس، اسلحہ، وردی،کیپ اور دیگر سامان برآمد کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان50سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں اور لوٹ مار کیلئےکرائے کی کار استعمال کرتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے 3ملزمان عدنان قاسم، احمد اور علی محمد کو گرفتار کر کے وائرلیس سیٹ، اسلحہ، وردی ،کیپ ،کارڈ ،مسروقہ سامان اور کار برآمد کرلی۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کا کہناکہ ملزمان ڈکیت گینگ سے تعلق رکھتے ہیں، جن کا ہدف بیرون ملک سے آنے والے شہری تھے، ملزمان ان کا تعاقب کرتے اور کسی بھی مقام پر ان کو چیکنگ کے بہانے روک لیتے اور لوٹ مار کرکےفرار ہو جاتے تھے۔ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ وارداتوں کیلئےماہانہ 60ہزار روپے کرائے پرکار لیا کرتے تھے، وارداتوں کے دوران گاڑی کی نمبر پلیٹ تبدیل کرلیاکرتے تھے۔