اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) رکن سندھ اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے الیکشن کمیشن میں دائر سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست واپس لے لی۔ذرائع نے روزنامہ امت کو بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنما نے شواہد کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے اور اعلیٰ حکام کی ہدایت پر آصف زرداری کے خلاف دائر نااہلی کاریفرنس واپس لیاہے ، جبکہ شکایت کندہ نے میڈیاسے گفتگو میں کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو اعلی عدالتی فورم پر چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ عبدالغفار کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے آصف علی زردرای کی نااہلی اسے متعلق درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران درخواست گزار خرم شیر زمان بھی الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے اور بینچ سے استدعا کی کہ وہ سابق صدر کے خلاف نااہلی کیس کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں اور اس معاملے کو سپریم کورٹ میں لے جانا چاہتے ہیں۔ممبر سندھ الیکشن کمیشن عبدالغفار نے خرم شیر زمان سے مطالبہ کیا کہ وہ درخواست واپس لینے سے متعلق تحریری طور پر بنچ کو آگاہ کریں۔خرم شیر زمان نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام ایک درخواست تحریر کی، جس میں انہوں نے سابق صدر کے خلاف درخواست واپس لینے سے متعلق تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں ایسے شواہد مل گئے ہیں، جو صرف اعلیٰ فورم پر پیش کریں گے۔بعدازاں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم نے سابق صدر کے خلاف کیس کو بڑے فورم پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔آصف زرداری کے خلاف مزید ثبوت ملے ہیں، تاہم ان کے خلاف کیس سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔خرم شیر زمان نے آصف علی زرداری کے کیس کو پانامہ پیپرز کیس سے مشابہت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا دوسرا بڑا اسکینڈل ہے۔پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کو الیکشن میں پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کا ہی مینڈیٹ ملا ہے۔ہم نے سابق صدر زرداری کے خلاف کیس کی تیاری مکمل کرلی ہے، جبکہ تمام شواہد کی بھی تصدیق کروالی گئی ہے۔خرم شیر زمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مفاہمت کی سیاست تحریک انصاف کے ساتھ کوئی نہیں کر سکتا۔خیال رہے کہ تحریک انصاف سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن میں گزشتہ برس 20 دسمبر کو دائر کی تھی۔