اسلام آباد ( نمائندہ امت ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی سزا اور جرمانوں کے خلاف اپیل 21 جنوری کو سماعت کے لئے مقرر کر دی۔ سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی متفرق درخواست کی سماعت بھی 21 جنوری کو ہی ہو گی۔ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل عدالت عالیہ کا ڈویژن بنچ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سات سال قید اور جرمانوں کی سزا سنائی تھی ، اس فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ فیصلے کے خلاف اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزار کو سنائی گئی سزا کالعدم قرار دے کر باعزت بری کیا جائے۔ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپیل کے فیصلے تک سزا معطل کرنے اور ضمانت پر رہائی کی متفرق درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ دوسری جانب نیب حکام نے احتساب عدالت کی طرف سے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی سزا اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں بریت کے خلاف اپیلیں اعتراضات دور کر کے دوبارہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی ہیں قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اپیلوں کے ساتھ نامکمل دستاویزات کا اعتراض لگا دیا تھا۔ رجسٹرار آفس نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس اور فلیگ شپ ریفرنس کے فیصلوں کے خلاف نیب اپیلوں پر بالترتیب 2/2019 اور 3/2019 ڈائری نمبر لگائے ہیں۔ نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بریت کو چیلنج کیا ہے جبکہ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کو بڑھانے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔