اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام مولانا سمیع الحق شہید کانفرنس میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق جس نظریہ پر کھڑے تھے وہ جیت گیا اور دشمن ہار گیا۔ مولانا سمیع الحق کے قتل کو دو ماہ ہو گئے لیکن ابھی تک قاتل گرفتار نہیں ہو سکے۔موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مولانا کے قاتلوں کو گرفتار کرے۔مولانا سمیع الحق کو سرکاری سطح پر شہید پاکستان ،شہید اسلام قرار دیا جائے۔کشمیر ی پاکستانی پرچم اٹھا کر آزادی مانگ رہے ہیں،حکومت پاکستان کشمیرکی آزادی کے لئے حقیقی کردار ادا کرے۔اسلام و پاکستان دشمن طاقتوں کی مذموم سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے سب کو متحد ہونا پڑے گا۔جو پاکستان کا دشمن تھا وہ مولانا سمیع الحق شہید کا دشمن تھا۔شہیدکے مشن کو جاری رکھیں گے۔پاکستان کا امن افغانستان میں امن کے قیام سے جڑا ہے۔استحکام و دفاع پاکستان،فرقہ واریت و دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وطن عزیز کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ان خیالات کا اظہاردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولا حامد الحق حقانی،ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر ،مولانا فضل الرحمان خلیل،مولانا امیر حمزہ،محمد یعقوب شیخ،حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ،مولانا یوسف شاہ،مولانا اورنگزیب فاروقی،عبداللہ حمید گل، مولاناسجاد شاہ،مولانا اقبال انصاری،عبداللہ طارق،مفتی عبدالقیوم،علامہ سید ایاز ظہیر ہاشمی،کاشف چوہدری نے پریس کلب کے سامنے مولانا سمیع الحق شہید کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انصارالامۃ پاکستان کی میزبانی میں ہونیوالی کانفرنس میں جڑواں شہروں سے بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ حمید گل ،انصارالامۃ کے رہنماؤں سجاد شاہ،مولانا اقبال انصاری،عبداللہ طارق،مفتی عبدالقیوم،علامہ سید ایاز ظہیر ہاشمی،کاشف چوہدری نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت معمولی سانحہ نہیں تھا۔ مولانا کی شہادت پر حکومت کی خاموشی معنی خیز ہے۔ دفاع پاکستان کونسل کی منزل اسلام ہے اسلام آباد نہیں۔