کورنگی میں دکاندار کی ٹارگٹ کلنگ – نوجوان کی بوری بند لاش ملی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی میں ملزمان نے دکان میں فائرنگ کرکے مالک کو جاں بحق کردیا۔سرجانی میں نوجوان کی بوری بند لاش ملی۔ شاہ لطیف میں خاتون کو قتل کیا گیا، جس میں اس کی جیٹھانی پکڑی گئی۔کورنگی پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار کا قتل ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی تھانے کی حدود کورنگی نمبر ایک قاسم ہوٹل کے قریب یوسف کولڈ ڈرنکس پر موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان آئے اور دکاندر سے شہد کی بوتل مانگی۔دکاندار جیسے ہی بوتل لینے کے لیے مڑا، تو ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 2خول تحویل میں لے لیے۔ایس ایچ او عنایت مروت کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔مقتول کی شناخت 42سالہ محمد عمر ولد سکندر کے نام سے ہوئی ہے ۔وہ کورنگی نمبر ایک ایس ایریا مکان نمبر H-103 کا رہائشی اور تعلق کالعدم سپاہ صحابہ سے تھا۔ایس ایچ او کے مطابق ایک ملزم نے ہیلمنٹ پہن رکھا تھا۔سرجانی ٹائون کے علاقے سیکٹر سیون اے عبداللہ بنگلوز کے سامنے مین روڈ پر جھاڑیوں سے بوری بند لاش ملی۔ہیڈ محرر غلام مصطفی نے بتایا کہ نوجوان کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تیز دھار آلے کی مدد سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔اسپتال میں مقتول کی شناخت 20 سالہ عاصم خان ولد عاشقین کے نام سے ہوئی۔وہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر ایل ون کا رہائشی اور رکشہ چلاتا تھا۔وہ بدھ کی صبح رکشہ لے کر روزی کمانے نکلا تھا اور بدھ کی رات گھر واپس نہیں آیا تھا اور جمعرات کی صبح اس کی بوری بند لاش مل گئی۔شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود شاہ لطیف سیکٹر 30/Cمیں واقع مکان نمبر L/79میں خاتون کے قتل کی اطلاع پر پولیس پہنچی اور مکان سے لاش برآمد کرکے ایک خاتون کو بھی حراست میں لے لیا ہے ۔ایس ایچ او نیک محمد کھوسہ کے مطابق مقتولہ کی شناخت 30سالہ روبینہ زوجہ فقیر بخش کے نام سے ہوئی۔قتل میں ملوث مقتولہ کی دیورانی لطیفاں زوجہ غلام حسین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایس ایچ او کے مطابق مقتولہ کے جسم اور گلے پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔پولیس کو شبہ ہے کہ قتل میں مقتولہ کی دیورانی کے ساتھ دیگر ملزمان بھی شامل ہیں۔مقتولہ 2 بچوں کی ماں اور شوہر محنت کش ہے ۔مقتولہ کا آبائی تعلق نوابشاہ جبکہ شوہر اور گرفتار ملزمہ کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ ادھر لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب ملزمان نے ڈکیتی میں مزاحمت پر گولی مار کر 22سالہ مہران ولد عثمان کو زخمی کردیا۔

Comments (0)
Add Comment