حیدر آباد ( بیورورپورٹ) بی سیکشن پولیس نے لطیف آباد نمبر 10 بچاؤ بند کے قریب کاروائی کرکے ایک ڈاکو راشد پاہی کوزخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ شٹر توڑ گینگ کا سرغنہ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق بلال مسجد کے قریب 2 مشکوک افراد کو چیکنگ کے لئے روکا تو انہوں نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار کی کوشش پر جس پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم راشد پاہی ولد علی اکبر پاہی سکنہ گوٹھ عبدالحمید جتوئی میہڑ ضلع دادو کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے ٹی ٹی پستول برآمد کر لیا، ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس کے مطابق زخمی گرفتارملزم قاسم آباد کینٹ جی او آر بھٹائی نگر اور سٹی تھانوں کی حدود میں بینک سے نکلنے والوں کو لوٹنے، دکانوں میں چوری اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ دریں اثنا مارکیٹ پولیس نے شٹر توڑ گینگ کے سرغنہ کو واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 16750روپے نقد، اسلحہ اور شٹر توڑنے کے آلات برآمد کر لئے، پولیس ترجمان کے مطابق مارکیٹ پولیس نے سجاد چپل اسٹور ربڑ شیٹ مارکیٹ میں کاروائی کرکے شٹر توڑ گینگ کے سرغنہ محمد عرفان ولد عبدالرحمن شیخ سکنہ قاضی عبداکقیوم روڈ کو رنگے ہاتھوں گرفتارکیا، پولیس کے مطابق ملزم محمد عرفان عادی مجرم ہے اور اس سے پہلے بھی اس کے خلاف فورٹ، مارکیٹ، سٹی، مکی شاہ، کینٹ اور اے سیکشن تھانوں پر16مقدمات درج ہیں۔