حیدر آباد ( بیورورپورٹ) ڈی ای او سیکنڈری اسکولز نے ریشم گلی میں واقع گرلز و بوائز اسکولز کے اساتذہ میں جھگڑے کے دوران ویڈیو بنا کر مبینہ طور پر ایک خاتون ٹیچر کو ہراساں کرنے کے الزام میں 4اساتذہ کو معطل کر دیا ہے اور انہیں پابند کیا ہے کہ وہ عدالت میں پیش ہوں۔ فردوس گرلز پرائمری اسکول کی ہیڈمسٹریس شبینہ خان اور ٹیچر نگہت نے عدالت میں ان اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی ہے ،جس کی سماعت ہفتہ کے روز ہو گی، حیدرآباد ریشم گلی میں واقع گرلز اور بوائز اسکولز کے اساتذہ میں جھگڑا ہو گیا تھا، جس کی مبینہ طور پر ویڈیو بنائی گئی تھی اور 2خواتین اساتذہ نے ہراساں کئے جانے کا الزام لگایا تھا، ڈی ای او سیکنڈری اسکولز سعید نوناری نے ویڈیو بنا کر خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں ٹیچرز خالد راجپوت، عبدالحمید بلوچ، اعجاز قادری اور عبدالجبار سومرو کو معطل کر دیا ہے اور انہیں پابند کیا ہے کہ وہ خواتین اساتذہ کی طرف سے مقدمہ درج کرنے کی دائر کی گئی درخواست کے سلسلے میں عدالت میں پیش ہوں، اس واقعہ کے خلاف پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا تھا ،جس میں طلبہ و طالبات کے علاوہ والدین نے بھی شرکت کی تھی، اساتذہ خالد راجپوت اور اعجاز قادری پر الزام ہے کہ انہوں نے یہ ویڈیو بنائی تھی۔