اسلام آباد (امت نیوز) سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کےلئے بنیادی ڈھانچے کا ہونا بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ”امت نیوز“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کھیل کا بنیادی ڈھانچہ نہ بنایا گیا ہو تو ملک میں کھیل کیسے ترقی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو بروئے کا لانے کےلئے حکومت ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے اور تمام کام چیک اینڈ بیلنس کی بنیاد پر ہونے چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں جان شیر خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان خود ایک سپورٹس مین رہ چکے ہیں۔