راولپنڈی(نمائندہ امت)محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے حساس اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام کے مطابق راولپنڈی کے علاقے بوچہ کلاں مندرہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، 7 ڈیٹونیٹرز اور سیفٹی فیوز تاریں برآمد ہوئی ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ وہ راولپنڈی میں حساس اداروں کو ہدف بنانا چاہتے تھے، گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ادھرسکیورٹی فورسز کے آپریشن ردالفساد کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی بلوچستان نے قلات، خاران، مائیونڈ میں دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہوں کے خلاف انٹیلی جینس کی بنیادپر آپریشن کیا۔ اس دوران 2 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بشمول سب مشین گنز، آئی ای ڈیز، گرنیڈز، مائینز، آر پی جی سیون، راکٹ اور مواصلاتی آلات برآمد کر لیا گیا۔