کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر گرفتار ملزم سابق ایڈمنسٹریٹر ملزم رؤف اختر فاروقی کو وی آئی پی سہولیات دی گئیں۔ عدالت نے سابق وفاقی وزیر بابر غوری و دیگر کے خلاف کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں اور پونے 3 ارب روپے سے زائد کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ملزم سابق ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی کو 21جنوری تک عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیجنےکاحکم دے دیا ہے ۔ جمعہ کے روز احتساب عدالت میں سابق وفاقی وزیر بابر غوری و دیگر کے خلاف کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں اور پونے 3 ارب روپے سے زائد کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں نیب حکام کی جانب سے گرفتار ملزم سابق ایڈمنسٹریٹر ملزم رؤف اختر فاروقی کو پیش کیا گیا۔ریفرنس میں ملزم رؤف اختر فاروقی سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر فرار ہو گئے تھے۔سپریم کورٹ اسلام آباد سے ضمانت مسترد ہونے پر ملزم رؤف اختر فاروقی کو گرفتار کیا تھا۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ملزم رؤف اختر فاروقی کا 11جنوری تک راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔علاوہ ازیں پیشی کے موقع پر گرفتاری کے باوجود نیب کی جانب سے ملزم کو وی آئی پی سہولیات فراہم کی گئیں اور بنا ہتھکڑی کےعدالت لایاگیا۔اس کےعلاوہ پیشی سے قبل ہی ملزم کو پراسیکیوشن کے دفترمیں بٹھایاگیا تھا۔نیب کے مطابق 2010اور2011میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابرغوری کی ہدایت پرملزمان نے بھرتیوں میں کے پی ٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کی۔یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو اشتہارات کے بغیر بڑے پیمانے پربھرتیاں کی گئیں اور ملزمان نے بڑی تعداد میں جرائم پیشہ افراد کو بھرتی کیا۔ غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو دو ارب 85کروڑ، 58لاکھ، 17ہزار روپے سے کا نقصان ہوا ہے۔