2020 میں امریکہ کی جگہ چین معاشی سپر طاقت ہوگا

کراچی (امت نیوز)امریکہ کو اس وقت دنیا کی معاشی سپرپاور ہونے کا اعزاز حاصل ہے، مگرصرف ایک سال کے اندر چین یہ اعزاز چھین لے گا، جس کے بعد پھر امریکہ کبھی ٹاپ پوزیشن پر نہیں آسکے گا۔یہ بات اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی ایک تحقیق میں سامنے آئی، جس میں جی ڈی پی اور قوت خرید کے پیمانوں کو مدنظر رکھا گیا۔واضح رہے کہ قوت خرید کے حوالے سے چین پہلے ہی دنیا کی سب سے بڑی معیشت تصور کیا جاتا ہے، مگر جی ڈی پی کے لحاظ سے امریکہ کو بدستور سبقت حاصل ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ 2020میں پہلے چین نمبرون کی پوزیشن پر آجائے گا اور پھر 2030 تک بھارت امریکہ کو پیچھے چھوڑ کر دوسری بڑی معاشی طاقت بن جائے گا۔رپورٹ کے مطابق آنے والی دہائی میں بھارت کا سالانہ جی ڈی پی شرح نمو 6فیصد سے بڑھ کر لگ بھگ 8فیصد ہوجائے گی۔مجموعی طور پر آنے والی دہائی میں ایشیائی ممالک اقتصادی طور پر طاقتور ہوکر ابھریں گے۔ تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ طویل المعیاد شرح نمو کی پیشگوئی کے حوالے سے ایک عنصر اہمیت رکھتا ہے کہ جو ممالک عالمی جی ڈی پی میں حصہ ڈالتے ہیں وہ بتدریج اپنا حصہ عالمی آبادی کے تناسب سے بدل دیں گے اور اس طرح بڑی معیشت کی صورت میں ابھر کر سامنے آئیں گے۔2030تک ایشیائی جی ڈی پی عالمی جی ڈی پی کے لگ بھگ 35فیصد حصے تک پہنچ جائے گا جو کہ گزشتہ سال 28فیصد تھا اور 2010میں 20فیصد۔مجموعی طور پر ایشیائی جی ڈی پی امریکہ اور یورو زون کے برابر ہوجائے گا، جس کے نتیجے میں 2030تک 10بڑی معیشتوں میں سے 6کا تعلق ایشیا سے ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment