اسلام آباد-لاہور(نمائندہ امت۔امت نیوز )کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف نوازشریف کے بازو میں درد کی شکایت ہے ،مریم نوازنےانجائنا کا خدشہ ظاہرکردیا،سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سخت تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کو بازو میں وقفے وقفے سے تکلیف کی شکایت ہے، ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ادھرنواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر بتا یا کہ نواز شریف کے معالج پورا دن ان سے ملنے کی کوشش کرتے رہے لیکن انہیں ملنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔انہوں نے بتا یا کہ نواز شریف کے بازو میں درد ہے جو انجائنا کی تکلیف بھی ہو سکتی ہے ۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پیچیدہ میڈیکل ہسٹری کی وجہ سے نواز شریف کو قابل اعتماد ڈاکٹروں کو دکھانے کی ضرورت ہے ۔اس سے قبل نجی ٹی وی کے مطابق ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی جیل کے میڈیکل افسر سے بھی بات ہوئی جنہیں خطرے سے متعلق آگاہ کیاگیا۔ڈاکٹر عدنا ن کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق خطرناک صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے ۔دریں اثنامسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی صحت کے مسائل بڑھے تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی اور پنجاب حکومت ہوں گے۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کی خرابی کی اطلاع پوری قوم کے لیے فکرمندی کا باعث ہے، 3بار پاکستان کے وزیراعظم اور ملک کی بے مثال خدمت کرنے والے ایک دیانت دار اور محب وطن شخص کے ساتھ یہ ناروا سلوک سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ادھرسابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ اگر نواز شریف کی صحت کو کچھ ہوا تو وزیر اعظم،وزیر اعلیٰ، سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کیخلاف مقدمہ درج کریا جائے گا۔نجی ٹی وی کے صحافی نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان صبح سے شام تک جیل کے باہر موجود رہے لیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طبی سہولتیں فراہم نہ کرنے پر شدید تشویش ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نواز شریف اور شہباز شریف کو طبی سہولتوں سے دانستہ محروم رکھ رہی ہے۔ادھرنجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جیل میں نواز شریف کا ڈاکٹرز تین مرتبہ طبی معائنہ کرتے ہیں۔ جمعہ کو بھی ڈاکٹر اصغر نے شام ساڑھے 4 بجے معائنہ کیا ۔ نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر نارمل ریکارڈ کی گئی ہے، نواز شریف مکمل صحت مند ہیں اور ان کی جانب سے صحت کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی گئی ۔