کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی ویسٹ امین یوسفزئی کی ہدایت پرضلع وسطی میں160جوانوں پر مشتمل اینٹی اسٹریٹ کرائمز اسکواڈ تشکیل دیدیا گیا،2 شفٹوں میں کام کرنیوالےاسکواڈ کو 40 نئی موٹر سائیکلیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔اسکواڈ کے جوانوں کو واٹس ایپ گروپوں کی مدد سے مربوط کیا گیا ہے،جس میں شہر بھر کے اسٹریٹ کرائم کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ملزمان کے حلیے شئیر کئے جائیں گے۔اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد اور گلبرگ میں 2 موٹر سائیکلوں پر مشتمل ایک یونٹ میں 4 جوان گشت کریں گے، جبکہ تھانے کا عملہ بھی معمول کی ڈیوٹی پر ہوگا۔ ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نےاسکواڈ کے جوانوں کو انکی ذمہ داریوں سے متعلق بریفنگ دی اور انہیں اپنے علاقوں میں اسٹریٹ کرمنلز پر نظر رکھنے اور فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی ٹیموں کو نقد انعامات اور اسناد دی جائیں گی۔