کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگھو پیر پولیس نے 30ہزار لیٹرایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بنا کر 2 ملزم گرفتار کرلئے، اسمگلنگ میں استعمال ہونیوالا ڈمپر بھی ضبط کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ منشیات،چھالیہ،ممنوعہ اشیااور ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں ملوث مافیا بڑی کھیپ کراچی لا رہی ہے، جس پر پولیس نے ہمدرد چوکی پر ناکہ لگا کر اسنیپ چیکنگ شروع کردی، اسی دوران مشتبہ ڈمپرٹی اے جے- 341کی تلاشی لینے پراسکے خفیہ ٹینک سے 30ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا، جسے قبضے میں لیتے ہوئے ملزم قاسم اور سلطان محمود کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نےمقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔