آئی جی کا تھانوں پر پولیس چینل کے بینرز آویزاں ہونے پر اظہار برہمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے مختلف تھانہ جات کی دیواروں پر پولیس چینل کے نام سے بینرز آویزاں کرنے کے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کسی بھی نام پر پولیس کا کوئی چینل کام نہیں کررہا اور نہ ہی ایسے کسی گروپ کا محکمہ پولیس سے کوئی تعلق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے نام نہاد میڈیا گروپ کا مقصد صرف اور صرف پولیس کی جرائم کے خلاف کارکردگی اور کاوشوں پر منفی اثرات مرتب کرنا اور محکمہ کو بدنام کرنا ہے، لہٰذا پولیس کے پاس ایسے ہتھکنڈوں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کا حق محفوظ ہے۔انہوں نے تمام ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تھانوں کی دیواروں سے ایسے بینرز فوری طور پر ہٹائے جائیں اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے، بصورت دیگر ملوث عناصر کے خلاف ہرممکن قانونی کارروائی کے اقدامات اٹھائے جائیں۔

Comments (0)
Add Comment