کراچی(صباح نیوز)دادی کی خواہش پر ان سے ملنے کے لیے بھارت جانے والا کراچی کا محمد فہد گزشتہ 13سال سے بھارتی جیل میں قید ہے۔کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی محمد فہد کی والدہ زبیدہ خانم کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا اپنی دادی کی خواہش پر ان سے ملنے جنوبی بھارت گیا جہاں اس پر مختلف مقدمات تھوپ دیئے گئے ہیں۔فہد کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹافروری 2006 میں اپنی دادی سے ملنے جنوبی بھارت کے علاقے کیلیکٹ گیا جہاں سے بھارتی فورسز نے اسے اپنی حراست میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ ابتداء میں فہد پر دہشت گردی سمیت مختلف الزامات لگائے گئے، لیکن وقتا فوقتا وہ الزامات غلط ثابت ہوتے گئے اور اب صرف ایک مقدمہ بچا ہے لیکن جس پولیس اہلکار نے مقدمہ درج کروایا وہ اس کی پیشی پرآ ہی نہیں رہا۔فہد کی والدہ زبیدہ خانم کے مطابق وہ حکومت سمیت ہر فورم پر التجا کرچکی ہیں کہ اس کے بیٹے کو بھارت کی قید سے آزاد کروایا جائے لیکن تاحال اس کی مدد کسی نے نہیں کی۔اس موقع پر فہد کی والدہ نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ اس کی زندگی میں اس کے بیٹے کو چھڑوایا جائے تاکہ وہ اس کی شکل دیکھ سکے۔زبیدہ خانم کا مزید کہنا تھا کہ اس سال 25 فروری کو فہد کوبھارتی جیل میں قید ہوئے 13سال مکمل ہوجائیں گے۔