قبائلی اضلاع میں صحت کارڈ کے فوری اجرا کی ہدایت

اسلام آباد(بیورورپورٹ/مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے پولیس کی خالی اسامیوں پر بھرتی شروع کرنے اور پانچ لاکھ افراد کو صحت کارڈ کی سہولت دینے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لئے دورکنی کمیٹی قائم کردی ہےکمیٹی میں پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے علاقوں کی ترقی کے لئے وہاں فوری طور پر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ انضمام شدہ علاقوں میں تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ وزیراعظم نے فاٹا کے ضم ہونے والے علاقوں میں فوری طور پر پانچ لاکھ افراد کو صحت کارڈ کے اجراء کی ہدایت کی اور کہا جنوری کے آخر تک صحت کارڈ کی فراہمی کا عمل شروع کیا جائے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان علاقوں کو قومی دھارے میں لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، قبائلی علاقوں کے عوام دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، تحریک انصاف کی حکومت ان علاقوں کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کے لئے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پولیس کی خالی اسامیوں پر بھرتی شروع کی جائے دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لئے دو رکنی کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی میں پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وزراء کی کمیٹی پہلے ن لیگ اور اس کے بعد پیپلز پارٹی سے رابطے کرے گی۔ ممکنہ طور پر کمیٹی اپنی سرگرمیاں آئندہ ہفتے سے شروع کرے گی۔

Comments (0)
Add Comment