کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹر ی کیس میں زخمی 5 افراد سمیت6گواہوں کے بیانات ہفتہ کو قلم بند کئے گئے۔سماعت کے موقع پر گرفتار متحدہ دہشت گردوں رحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کو پیش کیا گیا،جب کہ متحدہ رہنما رؤف صدیقی اور دیگر ملزمان پیش ہوئے ۔ گواہوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ واقعے کے روزوہ کام میں مصروف تھے کہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہرطرف دھواں بھر گیا اور پوری فیکٹری کو آگ نے لپیٹ میں لے لیا ۔جان بچانے کے لئے ہم نے کھڑکی توڑ کر چھلانگیں لگائیں۔ایک گواہ نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ فیکٹری میں آگ لگی ہے ، جب وہاں پہنچاتوپولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود تھیں اور جلے ہوئے لوگوں کونکا لاجا رہا تھا۔جاں بحق بیشتر افراد کی شناخت کرنا مشکل ہو گئی تھی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت16 جنوری تک ملتوی کردی۔سانحہ بلدیہ کیس میں 700سے زائد گواہ شامل ہیں اور اب تک 300 سے زائد گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے جاچکے ہیں ۔