کندھکوٹ (نامہ نگار) انتقام کی آگ میں ڈاکوؤں نے سوئے ہوئے افراد پر گولیاں برسا کر دو بھائیوں سمیت 3 افراد قتل اور 4زخمی کر دیئے۔ ملزمان کو لولائی برادری کے افراد پر مخبری کا شبہ تھا۔ ورثا نے لاشوں سمیت دھرنا دیکر قومی شاہراہ بلاک کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ کے کچے علاقہ میں پولیس مقابلہ میں ہلاک ساتھی کے قتل کابدلہ لینے کیلئے خوابیدہ 3 افراد کو ڈاکوؤں نے ابدی نیند سلادیا، پولیس تھانہ جنگن کی حدود گاؤں اولڈ فوجو لولائی میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب جاگیرانی برادری کے جدید اسلحہ سے لیس ایک درجن سے زائد مسلح افراد نے محمد شریف لولائی کے گھر پر حملہ کر دیا جسکے نتیجے میں دو بھائی محمد شریف لولائی، اللہ جڑیو لولائی اور مسماۃ کوڑی لولائی موقع پر ہی جاں بحق اور دو خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ مقتولین کی لاشیں لواحقین امدادعلی بشیراحمد،شعبان لولائی نے غوثپورقومی شاہراہ پر رکھ کر اور ٹائرنذر آتش کرکے تین گھنٹے تک دھرنا دیا جس سے چاروں صوبوں کوآنے اورجانے والی ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی پولیس نے منت سماجت کے بعد روڈ کھلویا۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہواہے کہ کچے علاقے میں کچھ عرصہ قبل پولیس کے آپریشن میں تھانیدارکرمپورعلی حسن بکھرانی کوسینے پر راکٹ مارکر شہید کرنے کے بعد پولیس نے کارروائی دکھاتے ہوئے کندھ کوٹ میں پہلے سے گرفتارڈاکو خانو جاگیرانی کو کچے میں لے جا کر میں ہلاک کیا تھا جس پر جاگیرانی برادری نے لولائی برادری پر مخبری کرکے نوجوان گرفتار کرانے کا الزام عائد کیا تھا، واقعے میں دو خواتین مائی بچل، مائی سچل اور دو مرد زخمی ہوئے ہیں جنہیںغوثپور رورل ہیلتھ سینٹرسے طبی امداد کے بعد نازک حالت میں لاڑکانہ کے چانڈکااسپتال منتقل کیا گیا۔ آخری اطلاع تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکاتھا۔