آسیہ رہائی پر ہنگاموں کے متاثرین کو ایک ماہ میں ادائیگی کا حکم

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو آسیہ کی رہائی کے خلاف ہونے والے ہنگاموں کے دوران پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے متاثرین کوایک ماہ میں ادائیگیوں کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے آسیہ کی رہائی پر ہنگاموں سے ہونے والے نقصان کے ازالے کے لیے از خود نوٹس کی سماعت کی۔دوران سماعت سپریم کورٹ نے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو ایک ماہ میں متاثرین کو ادائیگیاں کرنے کا حکم دیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹیں تو دے دی گئی ہیں، بتایا جائے ادائیگیاں کب اور کیسے ہوں گی، جس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ نقصانات کا تخمینہ 26 کروڑ 20 لاکھ روپے لگایا گیا ہے، کابینہ نے اس تخمینے کی منظوری دے دی ہے۔جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیئے کہ ادائیگی کے لیے کوئی پلان بھی مرتب کیا ہے یا سب کاغذی کارروائی ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر عدالت حکم نہ دیتی تو یہ پلان بھی نہ آتا۔چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ڈھائی ماہ گزار گئے ہیں لیکن ابھی تک ادائیگی کا مکمل پلان نہیں دیا گیا،محکمہ داخلہ کے سیکشن افسر نے عدالت کو بتایا کہ اسی ماہ ادائیگیاں کر دیں گے چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ایک ماہ میں مکمل ادائیگیاں کر کے عمل درآمد رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔

Comments (0)
Add Comment