گوادر میں سعودیہ کی موجودگی چین نے قبول کرلی

اسلام آباد/گوادر( نمائندہ امت/ مانیٹرنگ ڈیسک ) گوادمیں سعودیہ کی موجودگی چین نے قبول کرلی ہے،جبکہ سعودی وزیر پٹرولیم و انرجی خالد بن عبدالعزیز نے پاک چین بلاک کا حصہ بننے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ خطے کی اہم بندرگاہ ہے۔پاکستان ،چین اور سعودی عرب کی دوستی اور اشتراک عالمی مثال ہوگا۔آئل سٹی بنانےکا معاہدہ اگلے ماہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر پٹرولیم و انرجی خالد بن عبدالعزیز وفد کے ہمراہ گوادر پہنچ گئے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی و فاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے استقبال کیا ۔چئیرمین جی پی اے اور ڈی جی نے وفد کو گوادر پورٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پرشہزادہ خالد بن عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔ سعودی عرب اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اہمیت کے حامل 2 ممالک ہیں۔اسعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت سے سی پیک کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے امن اور استحقام کے لیے اہمیت کے حامل ممالک ہیں اور گوادر کی بندرگاہ ایک اہم خطے میں واقع ہے۔پاکستان کے وزیرپٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔سعودی عرب کو اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ سعودی عرب کی شمولیت سے سی پیک منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔چین کو گوادر میں سعودی عرب کی آمد پر کوئی خدشہ نہیں‘۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان حکومت کو بھی اس بارے میں اعتماد میں لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر پیٹرولیم کے بعد آئندہ ماہ سعودی ولی عہد شاہ سلمان کا بھی دورہ گوادر متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے موقع پر مجوزہ تیل ریفائنری کے سمجھوتے پر دستخط بھی متوقع ہیں جس کے بعد بہت جلد بلوچستان میں ایک جدید آئل ریفائنری کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ا س سے قبل سعودی وزیر پٹرولیم وفد کے ہمراہ گوادر پہنچے تو ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔ وفاقی ایڈیشنل سیکریٹری اور صوبائی وزیر ظہور بلیدی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔اسکول کے بچوں اور چائینیز نے سعودی مہمانوں کو گلدستہ پیش کیا۔گوادر کے چائینہ بزنس کمپلکس میں دونوں وفود کی ملاقات ہوئی جہاں گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی(جی ڈی اے) کےڈائریکٹر جنرل ڈاکٹرسجادبلوچ نےوفدکوگوادرپورٹ اور ترقیاتی کاموں کےحوالے سے بریفنگ دی۔

Comments (0)
Add Comment