کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ وفاقی حکوت کا ایک بار پھر منی بجٹ کے ذریعے عوام پر مہنگائی کی بمباری کا اعلان عوام کے زخموں پر نمک پاشی اور حکومتی دعوؤں کی نفی ہے ۔تبدیلی کا واحد راستہ قرآن و سنت کا نظام اور دیانتداری قیادت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوابشاہ ، قاضی احمد جونا موری ، دوڑ اور باندھی میں عوامی دعوتی و تنظیمی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر امیر ضلع سردار احمد قریشی ، قیم سردار آرائیں ، نجف رضا اور مفتی نور محمد جونو بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے دعوؤں کے برعکس ٹیکس اور مہنگائی کی بمباری کرکے عوام کو سخت مایوس کیا ہے ۔پانچ ماہ کے دوران دوسرے منی بجٹ کا اعلان غریب عوام کیساتھ ظلم ہے ۔بجٹ کمی یاخسارے کی آڑ میں ظلم و ناانصافیوں کے مارے عوام کا خون چوسنے کے بجائے قابل و دیانتدار ٹیم کے ذریعے کرپشن فری اقدامات کئے جائیں ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے پہلے ہی عوام کی اکثریت غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔منی بجٹ سے مہنگائی کا ایک طوفان آئے گا ،جس سے عام غریب آدمی متاثر اور ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگا ۔