جوہانسبرگ (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں شاہینوں نے تین وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنالیے ،جیتنے کے لیے مزید 228رنزدرکارہیں اور2دن باقی ہیں۔تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 303 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ پاکستان ٹیم نے 381رنز کے ہدف کے تعاقب میں 153 رنز بنالیے۔ قومی ٹیم کی جانب سے شان مسعود 37، امام الحق 35 ، اظہر علی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اسد شفیق 48 اور بابر اعظم 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو جیت کیلئے 228 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔قبل ازیں میزبان ٹیم نے تیسرے روز 5 وکٹوں پر 135 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو ہاشم آملہ 42 اور کوئنٹن ڈی کوک 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ہاشم آملہ کی اننگز کا خاتمہ 70 رنز پر ہوا جس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے ٹیمبا باووما 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔میزبان ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار کھیل پیش کیا اور 129 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے۔ فلینڈر 14، کگیسو رابادا 21 اور اولیوئیر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور شاداب خان نے تین تین جب کہ محمد عامر 2 اور ایک ایک وکٹ حسن علی اور محمد عباس کے حصے میں آئی۔جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں سرفراز احمد پاکستان کی طرف سے ایک میچ میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے والے وکٹ کیپر بن گئے۔ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ کیچز پکڑنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔سرفراز احمد نے بطور وکٹ کیپر میچ میں دس کیچز پکڑے، انہوں نے دونوں اننگز میں پانچ پانچ کیچ پکڑے۔اس طرح سرفراز پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے کرکٹر بن گئے۔ان سے پہلے پاکستان کی جانب سے راشد لطیف اور کامران اکمل نے وکٹوں کے پیچھے ایک ہی ٹیسٹ میچ میں 9، 9 شکار کیے تھے۔