راولپنڈی(نمائندہ امت)راولپنڈی میں گیس لیکج دھماکے سے پورا گھر منہدم ہو گیا، حادثے میں ایک خاتون زخمی ہو گئیں تاہم باقی افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔راولپنڈی کے علاقے چکری روڈ رنیال میں واقع گھر میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پورا گھر ملبے میں تبدیل ہو گیا۔ محلے داروں نے فوری طور پر ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جن میں سے ایک خاتون کے سوا تمام معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کو ریسکیو اہلکاروں نے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انتہائی نگہداشت وارڈ میں علاج جاری ہے۔