موٹروے پر بھینسا آنے سے 6 گاڑیاں ٹکرا گئیں-1 شخص جاں بحق

چکوال (نمائندگان امت )موٹروے لِلہ انڑ چینج کے قریب بھینسا تیز رفتار بس سے ٹکراگیا ،اچانک بریک لگانے پر پیچھے آنے والی 6 گاڑیاں ٹکرا گیا، حادثے میں بس ڈرائیور جاں بحق جبکہ دیگر حادثات میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق للِہ انٹرچینج کے قریب ایک بھینسااچانک موٹروے پر آکر بس سے ٹکراگیا ڈرائیور نے فوری بریک لگائی تو اس کے پیچھے آنے والی تیز رفتار گاڑیاں بھی ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں بس کا ڈرائیو موقع جاں بحق ہو گیا۔واضح رہے کہ موٹروے M2 کی تعمیر 1997 میں مکمل ہوئی تھی اور اس کے بعد سے لے کر آج تک اس کے آس پاس نصب شدہ حفاظتی جنگلے کی مرمت نہیں کی گئی جو جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے اور اس وجہ سے جنگلی جانوروں سمیت پالتو جانور بھی آئے روز موٹر وے پر چڑھ جاتے ہیں۔دریں اثناء گزشتہ رات موٹر وے پر ہلکی بارش کی وجہ سے پھسلن ہوگئی جس کے نتیجے میں سالٹ رینج کے علاقے میں متعدد گاڑیوں کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔ ایف ڈبلیو او اور موٹر وے پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سنٹر کلر کہار منتقل کیا جبکہ حادثے کی وجہ سے کچھ دیر تک موٹر وے کی ایک طرف ٹریفک بھی بند ہوگئی۔ادھر چکوال تلہ گنگ روڈ پر تھوہا بہادر بائی پاس کے نزدیک 2کاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو1122نے دونوں زخمیوں سکندر اور تیمور کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کیا۔

Comments (0)
Add Comment