علیمہ کوجائیدادکامعاملہ کلیئرکرنے کاپیغام دے دیاگیا

اسلام آباد(امت نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ میرے خیال میں علیمہ خان کو پیغام دیا گیا ہے کہ جائیداد کا معاملہ کلیئر کریں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا علیمہ کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں علیمہ خان کے اثاثوں کا بھی علم نہیں۔ عمران خان کبھی قانون کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے کیوں کہ انہوں نے پہلے دن سے کہہ دیا تھا کہ احتساب کے معاملے میں کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ علیمہ خان خود ان سوالات کا جواب دیں گی اور میرے خیال ہے کہ انہیں پیغام دیا گیا کہ وہ جائیداد کا معاملہ کلیئر کریں۔حکومتی ذرائع کا غلط استعمال کرنے کی کسی کی ہمت نہیں، عمران خان تمام کمائی پاکستان لے کر آئے لہٰذا ایک پائی بھی باہر نہیں۔ اس معاملے پر قانون کو اپنی راہ اختیار کرنی چاہئے ،حکومت اور وزیر اعظم کی جانب سے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ میں کوئی ٹیکس عائد نہیں کیاجا رہا، نئے بجٹ میں پاکستان میں بزنس آسان کرنے سے متعلق چیزیں ہوں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس معاملے پر بحث جاری ہے اور جلد فیصلہ کرلیا جائے گا۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی رہنماؤں کے سمجھوتے کیلئے پیغامات آتے رہتے ہیں کہ معاملات ختم کریں، ہم آپ کی حمایت کریں گے لیکن ان سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment