کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سول اسپتال میں بھرتی کیلئے آنے والے بیروزگاروں پر بدترین لاٹھی چارج سے بھگدڑ مچ گئی ۔ہنگامہ آرائی ، لاٹھی چارج اور دھکم پیل سے درجنوں امیدوار زخمی ہو گئے ۔ 350 اسامیوں پر بھرتی کیلئے 15 ہزار سے زائد امیدوار اسپتال پہنچ گئے ،جن میں سے 8 ہزار سے زائد امیدوار ہی درخواستیں جمع کرا سکے ۔ تفصیلات کے مطابق سول اسپتال میں گریڈ ایک سے 5 تک کی 38 شعبہ جات کی 350 خالی اسامیوں پر بھرتی کیلئے اتوار کو واک ان انٹرویو کا اعلان کیا گیا تھا ۔ خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے خواہشمند امیدوار جن کی تعداداندازے کے مطابق 15 ہزار سے زائد تھی ،8 بجے سے قبل ہی اسپتال کے او پی ڈی بلاک کے باہر اور اطراف میں موجود تھے ۔ ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد او پی ڈی کے احاطے میں امیدواروں کو جانے کی اجازت دی گئی ۔اس موقع پر سیکڑوں امیدوار ایک دوسرے کو دھکے دیتے ہوئے او پی ڈی کے احاطے میں رجسٹریشن کاؤنٹر پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر امیدوراروں میں اسپتال کے بعض ملازمین کی جانب سے بغیر قطار اپنے من پسندامیدوراوں کی رجسٹریشن کرانے پر اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے کاؤنٹرز پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ شروع کر دی ،جس پر قابو پانے کیلئے پولیس نے بدترین لاٹھی چارج کیا ،جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور دھکم پیل اور گرنے سے درجنوں امیدوار زخمی ہو گئے ،جن میں خواتین بھی شامل ہیں ۔ ہنگامہ آرائی کے باعث ایک گھنٹے تک رجسٹریشن کا عمل معطل رہا ۔اس دوران امیدوار اپنی دستاویزات جمع کرانے میں ناکامی پر مشتعل ہو گئے اور اپنی دستاویزات کی نقول پھاڑ ڈالیں اور انٹرویو میں شریک ہوئے بغیر ہی گھروں کو لوٹ گئے ۔ 350 اسامیوں کیلئے 8 ہزار سے زائدامیدواروں نے رجسٹریشن کے بعد اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں ۔درخواستیں جمع کر انے میں کامیاب امیدواروں کا کہنا تھا کہ واک ان انٹرویو شارٹ لسٹ اور محدود امیدوراوں کے ہوتے ہیں ، ہزاروں کی تعداد میں امیدواروں کیلئے اس طرح کی پریکٹس نہیں کی جاتی ، اصولی طور پر تمام درخواستیں وصول کرنے کے بعد 500 کے گروپ کی شکل میں امیدواروں کو بلایا جاتا اور ان کی اہلیت کی جانچی جاتی اس طرح کی بد انتظامی کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔