اسلام آباد(امت نیوز) اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پہلی سول ایوی ایشن قومی جونیئر ٹینس چیمپیئن شپ اسلام آباد ٹینس کورٹ میں شروع ہوگئی۔ چیمپیئن شپ کا افتتاح سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حسن بیگ نے کیا۔ اتوار کو چیمپئن شپ کے ابتدائی روز مینز سنگلز مقابلوں میں توصیف، سالار، سعاد، شفقت، سیف اللہ خالد خواجہ، دانش رضا، کرنل نے اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے کر فتوحات حاصل کیں، محمد ریحان نے تقی عباسی کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔ بوائز انڈر 18 کے مقابلوں میں حامد یعقوب، حسن بن مفسر اور زلان خان نے اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ سکندر امن نے نبیل قیوم کے خلاف واک اوور حاصل کیا۔ بوائز انڈر 14 کے مقابلوں میں حمزہ عاصم اور حازیمہ عبدالمصود اگلے رائونڈ میں داخل ہوگئے جبکہ لیڈیز سنگلز میں شہر بانو نے زہرا خان کو شکست دی۔ چیمپیئن شپ میں ملک بھر سے سو سے زائد جونیئر ٹینس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔