منہاج برنا کی صحافتی جدوجہدپر مبنی دستاویزی فلم کی نمائش

اسلام آباد(نمائندہ امت) نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پیر کے روزجمہوریت اور آزادی صحافت کی جدوجہد کےسرخیل اور پی ایف یو جے (برنا) کے بانی منہاج الدین خان برنا کی جدوجہد کے حوالے سے دستاویزی فلم دکھائی گئی۔سینئر صحافی ریاض عاجزکی تیارکردہ یہ دستاویزی فلم بیک وقت اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت کئی پریس کلبوں میں دکھائی گئی۔ صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں سمیت کثیر تعداد میں صحافیوں نے فلم کو دیکھا اور صحافتی برادری کے لیے منہاج برنا مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ دستاویزی فلم میں منہاج برنا اور ان کے ساتھیوں کی جدوجہد پرروشني ڈالی گئی اور منہاج برنا کے ساتھيوں نے ان کی جدوجہد، قربانیوں اور کاوشوں کو احسن انداز میں اجاگر کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ منہاج برنا نے جن حالات میں صحافت پر قدغن کے خلاف جدو جہد کی آج پھر میڈیا کو ایسی ہی صورت حال درپیش ہے لہٰذا صحافیوں کو پھر سے آزادی اظہار کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ فرحت اللہ بابر نےمنہاج برنا کی جدو جہد کوقابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ برنا صاحب نےسينسر شپ کے خلاف جدوجہد کی، اپنے ساتھیوں سمیت قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور مرحوم کے تربیت یافتہ صحافیوں نے کوڑے تک کھائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر پاکستان میں سیاسی اورصحافتی آزادی داؤ پرلگی ہے، آج پھرسے ویسی ہی جدوجہد کرنا ہو گی جس کی مثال منہاج برنا اور ان کے ساتھیوں نے قائم کی تاکہ ایک مرتبہ پھر آزادی صحافت کا بول بالا ہو سکے اور ملک میں جمہوریت کو فروغ مل سکے۔

Comments (0)
Add Comment