وفاقی حکومت میڈیا پالیسی پر فریقین سے مشاورت کرے۔اے پی این ایس

کراچی(پ ر)اے پی این ایس نے وفاقی حکومت کی اشتہارات کی تقسیم کی پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ پالیسی کے تحت شفاف اور منصفانہ اشتہارات کی تقسیم کے دعوے کے برخلاف ڈمی اور بے قاعدہ اخبارات کی بڑی تعداد کو اشتہارات جاری کیے جا رہے ہیں۔وفاقی حکومت میڈیا پالیسی پر تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ بامعنی مذاکرات اور مشاورت کرے۔ سیکرٹری جنرل سرمد علی نے کہا ہے کہ سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر حمید ہارون کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کی اشتہاری پالیسی کے تباہ کن اثرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ملک بھر سے شرکت کرنے والے اراکین نے غم و غصہ کا اظہار کیا کہ علاقائی کوٹہ کو بری طرح سے پامال کیا جارہاہے اور پی آئی ڈی علاقائی اخبارات کے لیے مختص کوٹہ میں سے میٹرو پولیٹن اخبارات کو اشتہارات جاری کررہی ہے ، جس کے باعث وفاقی اشتہارات میں علاقائی اخبارات کو جائز حصہ سے محروم کیا جارہا ہے ۔اراکین نے کہا کہ درمیانے اور چھوٹے حقیقی اخبارات کو اشتہارات سے محروم رکھنے کی اس پالیسی پر پنجاب حکومت بھی عمل پیرا ہے۔اس صورت حال نے اخباری صنعت کو درپیش سنگین مالی بحران میں اضافہ کیا ہے ۔اجلاس میں قاضی اسد عابد، بلال محمود ،وسیم احمد ، ممتاز اے طاہر، بلال فاروقی و دیگر نے شرکت کی ۔

Comments (0)
Add Comment