1320میگاواٹ کاسی پیک منصوبہ ملتوی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے 1320 میگاواٹ کاسی پیک منصوبہ ملتوی کردیا، رواں ماہ کے آخر تک سرکاری ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت چلنے والے مزید منصوبوں پر کام روکنے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی جانب سے باضابطہ طور پر بیجنگ کو بتادیا گیا کہ وہ آئندہ کچھ سال تک قابلِ اطمینان پیداواری گنجائش ہونے کے باعث 13 سو 20 میگا واٹ کے رحیم یار خان توانائی منصوبے میں دلچسپی نہیں رکھتا لہٰذا اس منصوبے کو سی پیک کے منصوبوں کی فہرست سے خارج کر دیا جائے۔خیال رہے کہ یہ منصوبہ شہباز شریف کی سربراہی میں حکومت پنجاب کی قائد اعظم تھرمل کمپنی نے درآمدی کوئلے کے پلانٹ کے طور پر شروع کیا تھا، منصوبے کی تجویز ایک بڑے بزنس ٹائیکون نے دی تھی جو متوقع طور پر اس کے سب سے بڑے اسپانسر بھی تھے۔منصوبے کو سی پیک کی فہرست سے اس وقت نکالا گیا جب بیوروکریسی نے بتایا کہ بجلی کی سرپلس پیداوار کا معاہدہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور مزید کوئی معاہدہ ملک کے لیے مشکلات کا باعث بنے گا۔

Comments (0)
Add Comment