کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) چیئرمین سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن پروفیسر ٹیپو سلطان نے کہا ہے کہ کمیشن نے صوبے بھر میں اتائیوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے 5اضلاع میں کارروائیاں کی گئی ہیں اور اب کراچی کے ضلع جنوبی میں آپریشن شروع کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر منہاج قدوائی اور انسداد اتائیت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایاز مصطفیٰ بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے بنیادی مقاصد اتایت کا خاتمہ اور صحت کی بنیادی سہولتیں معیاری بنا نا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمیشن نے جیکب آباد ، ٹنڈو الٰہیار، میر پورخاص، ٹنڈو محمد خان اور بدین میں اتائیوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا ۔ کمیشن کے ڈائریکٹر انسداد اتایت ڈاکٹر ایاز مصطفٰی نے بتایا کہ مہم کے دوران 85سے زائدغیر رجسٹرڈ کلینکس کو موقع پر ہی سیل کیا گیا جبکہ 295کو سخت وارننگ کے نوٹس جاری کر کے ہدایت کی گئی تاکہ وہ اپنے کلینکس ہیلتھ کئیر کمیشن سے جلد از جلد رجسٹرڈ کرائیں ۔ اس حوالے سے کمیشن کو ساڑھے 4ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو ئیں جن میں سے 3493اسپتالوں و کلینکس کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے جبکہ 40اسپتالوں کو عارضی لا ئسنسنگ بھی جاری کئے جا رہے ہیں ۔ڈاکٹر منہاج اے قدوائی نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ضلع جنوبی کراچی سے انسداد اتائی مہم شروع کر رہے ہیں جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران بھی شامل ہوں گے ۔