ورلڈ بینک کا نظام لگانے کیلئے بلڈنگ اتھارٹی کے 8 دفاتر خالی – ملازمین کو مشکلات

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ون ونڈو آپریشن کیلئے ورلڈ بینک کا نظام لگانے کیلئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے 8 سے زائد ٹائون ،اے او جنرل ،اور پی آر او کے دفاتر کو بغیر نوٹس کے خالی کروا دیئے ،جس کے نتیجے میں 8 سے زائد ٹائون کا کام بری طرح متاثر ہونا شروع ہوگیا ہے۔ متبادل جگہ نہ ہونے کے بائث تمام تر ملازمین سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی عمارت کے باہر ڈیرے ڈال کر وقت گزارنے میں مصروف ہیں۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹھ سے زائد ٹائون کے دفاتر خالی کرنے کی وجہ سے اہم سرکاری ریکاڈ گم ہونے کا خدشہ ہے اور بیشتر فائلیں کچرے کے ڈھیر میں پڑی ہیں اور سائلین در درکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ایس بی سی اے افسران کا کہنا ہے کہ ون ونڈو آپریشن سے عوام کو تمام سہولیات ایک جگہ سے مل جائیں گی اور یہ ایک اچھا اقدام ہوگا۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں جن آ ٹھ ٹائون میں سرکاری کام متاثرہے ،ان میں گلشن ٹائون 1,گلشن ٹائون 2،گلبرگ ٹاؤن،سائٹ ٹائون، لانڈھی ٹائون،کیماڑی ٹائون،بن قاسم ٹائون،اے او جنرل اور پی ار او کے دفاتر شامل ہیں ،جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ملازمین سیاسی پارٹیوں کے دفاتر اور سوک سینٹر میں موجود مسجد کے باہر بیٹھ کر سائلین کو تھوڑا وقت دینے کی سفارش کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ’’امت ‘‘کو معلوم ہوا ہے کہ ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر افسران گزشتہ دنوں اسلام آباد میں میٹنگ سے واپس آنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بلڈنگ میں موجود گراؤنڈ فلور پر قائم آٹھ ٹاؤن کے دفاتر کو فوری طور پر خالی کروا کر سندھ حکومت کےورلڈ بینک کے نئے نظام کیلئے زبانی طور پراحکامات جاری کئے ،جس پر ملازمین نےافسران کے احکامات کو مدنظررکھتے ہوئے تمام دفاتر خالی کر کے ورلڈ بینک کا نظام لگانے کیلئے تیزی سے تعمیراتی کام جاری ہے ۔اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عاصمہ غیورنے ’’امت ‘‘کو بتایاکہ عوام کی سہولت کے لئے سندھ حکومت کے پروجیکٹ ورلڈ بینک اورسندھ بلڈنگ اتھارٹی کے اشتراک سے سنگل ونڈو فیسلیٹی کا آغازکیاجارہا ہے ،جس سے عوام کو سہولت فراہم کی جائے گی اور سوفٹ وئیر کے ذریعے چالان بھرے جائیں گے ،جبکہ عوام آن لائن بھی درخواست جمع کرواسکیں گے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تمام تر معاملات آن لائن کر دیئے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ کے ڈی اے اور کے ایم سی بورڈ آف ریویونیواور دیگر لینڈ اتھارٹی جن کا ریکارڈ کمپیوٹرائز ہے ۔ان تمام کو لارمس نامی سوفٹ ویئر سے لنک کردیا جائے گا اور لوگ گھربیٹھیے آن لائن اپنی درخواستیں جمع کرواسکیں گے ،جبکہ نقشہ کی منظوری اور ڈیمولیشن کے چالان بھی اسی سنگل ونڈوفیسیلیٹی پر جمع کروائے جاسکیں گے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں موجود چالان جمع کرنے والے ڈپارٹمنٹ کو بھی سنگل ونڈو فیسیلیٹی کاؤنٹر میں ضم کردیا جائے گا،جبکہ نقشہ پاس کروانے کے لئے کے ڈی اے اور کے ایم سی کے فارورڈنگ لیٹر اور ویریفیکیشن لیٹر بھی سنگل ونڈو فیسیلیٹی کائونٹر سے حاصل کئے جاسکیں گے ،جبکہ ان تمام چالان کی رقم E-paymentکے ذریعے کی جا سکے گی ۔عاصمہ غیور کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے ورلڈ بینک پروجیکٹ کیلئے جگہ 30 لاکھ روپے کرائے پر دینے میں کوئی صداقت نہیں۔ سنگل ونڈوں فیسیلیٹی کی تعمیرات کا کام چھ مہینے میں مکمل کرلیا جائیگا۔

Comments (0)
Add Comment