تالا توڑ گروپ ٹریول ایجنسیوں سمیت 4 دکانیں صاف کر گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سولجر بازار میں2 ٹریول ایجنسیوں سمیت 4 دکانوں کے تالے توڑ کر ہزاروں روپے اور دیگر سامان چوری کرلیا گیا، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔ گلستان جوہر میں مسلح ڈکیت منی چینجر سے 70لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سولجر بازارنمبر3 بہادریارجنگ روڈ پر واقع 2ٹریول ایجنسیوں سمیت4 دکانوں میں نقب زنی کی واردات کے دوران مسلح ملزمان لاکھوں روپے اور دیگر سامان لوٹ کر فرارہوگئے۔ پیرکی صبح جب ٹریول ایجنسی اور دیگر دکانوں کے مالکان دکانیں کھولنے پہنچے تو تالے ٹوٹے ہوئے تھے، جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس اور رینجرز حکام نے موقع پر پہنچ کر معلومات حاصل کیں۔ ایس ایچ او سولجر بازار عبداللہ بھٹوکے مطابق جن دکانوں کے تالے توڑے گئے ،ان میں 2ٹریول ایجنسیز، کپڑے اور دیگر دکانیں ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ ایک ٹریول ایجنسی سے25سو روپے اور دوسری ٹریول ایجنسی سے35ہزار روپے لوٹے گئے ہیں ،جبکہ ٹریول ایجنسی اور دکانوں میں لیپ ٹاپ سمیت دیگر قیمتی اشیا اپنی جگہ رکھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ٹریول ایجنسی میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج حاصل کرلی ہے، جس میں ایک ملزم کو تالے توڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم تالے توڑنے کے بعد ایجنسی میں داخل ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کے پاس اینڈرائڈ موبائل فون بھی موجود تھا، جو دیر تک دکان کے باہر بیٹھا رہا ،جس کے بعد اس نے اکیلے کارروائی کی، متاثرہ دکان داروں کا کہنا ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگا رہے ہیں، جس سے پولیس کو آگاہ کردیا جائے گا۔ اسی طرح گلستان جوہر بلاک 17میں واقع راوی منی ایکسچینج میں پیر کی صبح 9بجکر 5منٹ پر منیجر شاپ کھول رہا تھا، جبکہ سیکورٹی گارڈ اسلحے کے بغیر ہی ہمراہ موجود تھا کہ 3مسلح ملزمان آئے اور مینجر و گارڈ کو یرغمال بنا کر شاپ میں داخل ہوگئے اور وہاں موجود ملکی اور غیر ملکی کرنسی سمیت شاپ میں موجود سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی ساتھ لیکر فرار ہوگئے۔ پولیس کہنا ہے کہ منی ایکسچینج کے مینجر نے بتایا ہے کہ ڈاکو 70لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر بآسانی فرار ہوگئے، جبکہ ملزمان جاتے ہوئے آفس میں رکھا گارڈ کا اسلحہ بھی لے گئے۔ پولیس نے سیکورٹی گارڈز کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیکر ایس ایس پی شرقی سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Comments (0)
Add Comment