کورنگی میں پھندا لگی لاش کا معمہ حل – شوہر قاتل نکلا

کراچی (رپوٹ : خالد زمان تنولی) زمان ٹاؤن پولیس نے 3 روز قبل گھر سے ملنے والی پھندا لگی خاتون کی لاش کا معمہ حل کر لیا، غربت سے تنگ ناظم نے عریشہ کا گلہ دباکر قتل کیااور اسے خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی ڈھائی میں مکان نمبر B-532 سے 12 جنوری کو پھندا لگی 23 سالہ عریشہ زوجہ ناظم کی لاش برآمد ہوئی تھی، پوسٹ مارٹم سے پتہ چلا ہے کہ مقتولہ نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے گلا دبا کرمارا گیا ہے، شاطر ملزم نے قتل کے بعد پھندا لگا کر لاش لٹکا دی تاکہ واقعے کو خودکشی کا رنگ دیا جاسکے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر ناظم سے تفتیش کا آغاز کیا تو اس نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ کئی ماہ سے بیروزگار اور بیوی کے طعنوں سے تنگ آچکا تھا، واقعے والے روز بیوی نے بیمار بچے کی دوا کیلئے پیسے مانگے تھے،گھر میں کھانے کیلئے پیسے نہیں تھے ،رشتے داروں ،دوستوں سمیت بھائیوں نے بھی قرض دینا چھوڑ دیا تھا ، میں دوا کہاں سے لاتا، جس پر ہم دونوں میں تلخ کلامی ہو گئی، اپنی بیوی کو سمجھانے کیلئے ہمشیرہ شہناز اور بھائی اعظم کو بلایا تھا، مگر تکرار ختم نہ ہوئی، اس لئے اس کا گلہ دبا دیا۔ ملزم نے بتایا کہ پولیس کے خوف سے لاش کو پھندا لگا کر پنکھے سے لٹکا دیا تاکہ قتل کو خودکشی کا رنگ دیا جائے۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کے دیور اور نند کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment